پنجاب کے ضلع وہاڑی میں ٹڈی دل کا فصلوں پر حملہ ہزاروں ایکڑ کھڑی فصل کو نقصان

وہاڑی میں ٹڈی دل کے حملے میں مکئی، کپاس اور چارے کی فصلوں کے علاوہ باغات کو بھی نقصان پہنچا۔

مقامی کسان اپنی مدد آپ کے تحت ٹڈی دَل کو بھگانے میں مصروف ہیں جبکہ متاثرہ کسانوں نے محکمہ زراعت اور حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے۔

اس سے قبل ٹڈی دل نے پنجاب کے ضلع جھنگ کے مختلف علاقوں میں حملہ کر کے فصلوں کو نقصان پہنچایا تھا۔

ضلع کے ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو کے مطابق متاثرہ علاقوں میں اسپرے کرایا گیا اور زرعی ماہرین نے آپریشن میں معاونت کی۔ محکمہ ذراعت کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل کی نقل وحمل کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔

چند روز قبل ٹڈی دل نے لیہ کے نشیبی علاقوں میں کھڑی فصلوں پر حملہ کر دیا تھا۔

ٹڈی دل نے لیہ کے نشیبی علاقوں کا رخ کیا تھا۔ لیہ کے نشیبی علاقے کھوکھر والا، شاہ والا، بیٹ گجی اور بکھری احمد خان میں ٹڈی دَل کے وار جاری ہیں۔ ٹڈی دل کے حملے میں گندم، مرچ  اور ٹماٹر کی فصلیں متاثر ہوئیں۔

کاشتکار اپنی مدد آپ کے تحت ڈھول اور برتن بجا کر ٹڈی کو بھگانے میں مصروف رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں