زرداری اور نواز شریف معصوم ہیں تو پھر ملک کس نے لوٹا، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اگر آصف زرداری، نواز شریف اور شہباز شریف معصوم ہیں
تو پھر ملک کو کس نے لوٹا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان نئے پاکستان کی امید ہیں، ملک اب معاشی طور پر بہتری کی طرف جارہا ہے، سیاحت کے فروغ  کیلیے ویزہ پالیسی پر نظرثانی کا سوچ رہے ہیں،  نیب صحیح کام کر رہاہے تاہم مزید بہتری کی ضرورت ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی ہے، کل کے فیصلے پر سب کی نظریں ہیں تاہم یہ کیس انتہائی سیدھا ہے دبئی اور سعودی عرب میں نوازشریف اور بچوں کی جائیدایں ہیں، سوال یہ ہے کہ ان جائیدادوں کیلیے پیسا کہاں سےآیا۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری بھی کہتے ہیں کہ وہ معصوم ہیں انہوں نے کچھ نہیں کیا، تو پھر پچھلے 15سالوں میں جن کی حکومت تھی جس میں لوٹ مارکی گئی، اگر آصف زرداری، نواز شریف اور شہباز شریف معصوم ہیں تو پھر ملک کو کس نے لوٹا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ یہ بلیک میلرز کا گروپ ہے اور ٹھگز آف پاکستان بری طرح فلاپ ہوئی ہے، ٹیلنٹڈ ماں باپ نے بچوں کے اکاؤنٹس میں پیسے ڈلوائے، جس عمر میں بچوں کے شناختی کارڈ نہیں بنتے، ان کے بچے ارب پتی بن گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیا اصول ہے کہ بڑے بھائی کے اکاؤنٹ کا آڈٹ چھوٹا بھائی کرے گا، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھی صرف ان کے کیسز کی بات ہوتی ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں